ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چنتامنی میں المناک سڑک حادثہ،11ہلاک

چنتامنی میں المناک سڑک حادثہ،11ہلاک

Thu, 04 Jul 2019 11:00:00    S.O. News Service

چنتامنی،4؍جولائی (ایس او نیوز؍محمداسلم) چنتامنی میں بارلہلی گیٹ کے قریب ایک پرائیویٹ بس اور مال بردار ٹا ٹا ایس کے درمیان ٹکر نے 11 افراد کی جان لے لی اور دیگر چند شدید زخمی ہو گئے-چنتا منی کے مرغ ملہ درگاہ سے چنتامنی کی طرف لوٹ رہی بس ایک مال بردار ٹاٹا ایس سے ٹکرا گئی - بتایا جاتا ہے کہ بیشتر مہلوکین مزدور ہیں - ابتدائی معلومات کے مطابق اس حادثے کے لئے بس ڈرائیور کی لاپروائی کافی حد تک ذمہ دار ہے- مقامی لوگوں نے بتایا کہ مرغ ملہ سے نجی ایس کے ایس بس چنتامنی کی طرف بہت تیز رفتار سے آرہی تھی- جب بس بارلہلی گیٹ کے قریب پہنچی تو مقابل سمت سے آرہی ٹا ٹا اے سی کو اس نے ٹکر ماردی-ٹکر کی شدت سے ٹاٹا اے سی میں سوار بیشتر مسافروں کے چیتھڑے اڑگئے اور تمام نے جائے وقوع پر ہی دم توڑ دیا-حادثہ کی اطلاع ملتے ہی چکبالاپور ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش بابو ڈی وائی ایس پی سرینواس سرکل انسپکٹر نارائن سوامی ودیگر پولیس اہلکار پہنچ گئے اور انہوں نے نعشوں اور زخمیوں کو چنتامنی کی سرکاری اسپتال منتقل کروایا- چکبالاپور ضلع ڈپٹی کمشنر انیردوھ شرون مقامی رُکن اسمبلی و ریاستی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر جے کے کرشناریڈی نے اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی- اس حادثے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کرشنا ریڈی نے کہا کہ مہلوکین کے ورثاء کو حکومت سے معاوضہ دیا جائے گا اور نجی بسوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی کیونکہ کئی نجی بسیں آر ٹی او کی اجازت کے بغیر دوڑائی جاتی ہیں -چکبالاپور ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش بابو نے بتایاکہ ہمیں ملی اطلاع کے مطابق پرائیویٹ بس کی لاپروائی اور بریک فیل ہونے سے یہ حادثہ پیش آیا ہوگا مگر تحقیقات کے بعد ہی حادثہ کی ساری تفصیل معلوم ہو سکے گی-مقامی لوگوں نے ہمیں شکایت کی ہے کہ پرائیویٹ بس ڈرائیور بہت تیزی سے بسیں دوڑاتے ہیں -آر ٹی او کے ساتھ بات کرکے بغیر منظوری کے چلنے والی نجی بسوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی-


Share: